سیدنا حسین رضی اللہ عنہ سے محبت جزوِ ایمان ہے کیونکہ آپﷺ نے انہیں ’’جنت کے نوجوانوں کا سردار‘‘ قرار دیا اور فرمایا کہ جس نے حسن و حسین سے محبت کی، اس نے مجھ سے محبت کی۔ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ اپنے بھائی سیدنا حسن رضی اللہ عنہ سے ایک سال چھوٹے تھے ۔ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ ہجرت کے چوتھے سال شعبان کے مہینے میں پیدا ہوئے۔ آپ کی پیدائش پر رسول اللہ ﷺ بہت خوش ہوئے اور آپ کو گھٹی دی ۔رسول اللہ ﷺ نے آپ کا نام حسین رکھا ۔ حسن و حسین کی فضیلت سے متعلق اکثر احادیث دونوں میں مشترک ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے سایہ عاطفت میں اپنے ان نواسوں کی تربیت کی ۔ زیر نظر کتاب ’’ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ سے محبت‘‘ معروف واعظ، محقق اور مصلح پروفیسر ڈاکٹر عبید الرحمن محسن حفظہ اللہ (مدیر دار الحدیث جامعہ کمالیہ راجووال ) کے ایک خطبہ کی کتابی صورت ہے جو کہ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کے فضائل و مناقب پر مبنی ایک تحقیقی و علمی کتاب ہے۔ آمین