Ramzan-Ul-Mubarak-Or-Eid-ul-Fitar-K-Masail رمضان المبارك اور عيدالفطر كے مسائل

اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کوآزمانےاوربخشنےکےلیے مختلف طریقے اور حیلے وضع کیے ہیں۔ ان میں ایک روزہ رکھناہے۔ روزہ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک رکن ہے۔ انسان کے ہر نیک عمل کا ثواب اس میں پائے جانے والے خلوص اور جذبہ کے مطابق بڑھا دیا جاتا ہے۔ لیکن روزے کا ثواب اللہ تعالیٰ نےاپنےپاس رکھاہے۔ فرمایا کہ میرا بندہ میرےلئے روزہ رکھتاہے اس لیے اس کابدلہ میں ہی دوں گا۔ ماہ صیام تمام مسلمانوں کو تقویٰ اور ایما ن کے مطابق سکون اور ایمان قلب عطا کرتاہے۔ اس ماہ میں ایک مسلمان تسبیح وتحلیل، ذکرالہی، تلاوت قرآن مجید، ادئیگی نوافل، صدقہ وخیرات کرکے،منکرات اور لغو باتوں سے بچ کر اپنے آپ کو اللہ کی نظر میں سرخروکرلیتا ہے۔ زیر نظر کتابچے میں ڈاکٹر ہمایوں شیخ صاحب نے اسلام کے اس افضل ترین فریضہ اور عبادت کے حوالے سے اس کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی ہے۔اس کےساتھ یہ ہےکہ رمضان کےفوراً بعد ایک عظیم الشان اسلامی تہوار آتاہے چنانچہ اسی مناسبت سے اس پر بھی روشنی ڈالی گئی ہےکہ اس موقع پر اہل اسلام باہم طور پر کس طریقے سے خوشیاں تقسیم کریں۔ فہم قرآن انسٹی ٹیوٹ کا بنیادی مقصد ہی یہ ہےکہ دورِ جدید میں اسلامی تعلیمات کو اس قدر آسان اسلوب میں پیش کر دیا جائے کہ اس کی تفہیم ہرخاص وعام کے لئے ممکن ہوجائے۔ اور یہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ استدعا ہےکہ اللہ ہمیں اس سے کماحقہ استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔